پنجاب کے 22 شہروں میں مفت وائی فائی نیٹ ورک فعال
Free Wi-Fi Punjab
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی (PSCA) کی جانب سے صوبے بھر میں مفت عوامی وائی فائی نیٹ ورک کی رسائی کو دگنا کر دیا گیا۔

اب پنجاب کے شہری و نیم شہری علاقوں میں عوام تیز رفتار، مستحکم اور مفت انٹرنیٹ سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

لاہور میں وائی فائی ہاٹ سپاٹس کی تعداد 230 سے بڑھا کر 430 کر دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں وائی فائی نیٹ ورک کو 11 سے بڑھا کر 22 اضلاع تک پھیلا دیا گیا ہے، جن میں قصور، ننکانہ صاحب، شیخوپورہ، سیالکوٹ، گجرات، جہلم، اٹک، حسن ابدال، ساہیوال، اوکاڑہ اور مری جیسے شہر شامل ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے گجرات شہر بھی اس نیٹ ورک کا حصہ بن گیا ہے، جہاں نئے عوامی ہاٹ سپاٹس قائم کیے گئے ہیں۔

PSCA  کے مطابق اب تک 3 کروڑ 72 لاکھ سے زائد صارفین اس مفت وائی فائی سروس سے فائدہ اٹھا چکے ہیں، اور 905 ٹیرا بائٹس سے زیادہ ڈیٹا استعمال کیا جا چکا ہے۔

بڑھتے ہوئے استعمال کو مدنظر رکھتے ہوئے اتھارٹی نے اپنی وائی فائی سروس کو جدید Wi-Fi 6 ٹیکنالوجی پر منتقل کر دیا ہے، جو صارفین کو زیادہ رفتار، کم لیٹنسی اور ہجوم والے علاقوں میں مستحکم کنکشن کی سہولت فراہم کرتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم شہباز شریف سے نوجوان کانٹینٹ کریئیٹر طلحہ احمد کی ملاقات

خیال رہے کہ یہ منصوبہ حکومت کے ڈیجیٹل انکلوژن اور سمارٹ سٹی وژن کا حصہ ہے، جس کا مقصد ہر شہری کو با آسانی آن لائن سروسز، تعلیم اور کام سے جڑنے کی سہولت دینا ہے۔ مفت انٹرنیٹ کی یہ سہولت ڈیجیٹل خلا کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔