اڈیالہ جیل میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فرضی مشقوں کا انعقاد
 راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فرضی مشقوں کا انعقاد کیا گیا۔
فائل فوٹو
راولپنڈی: (ویب ڈیسک) راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فرضی مشقوں کا انعقاد کیا گیا۔

اڈیالہ جیل میں موجودہ سکیورٹی صورتحال کے تناظر میں فرضی مشقیں منعقد ہوئیں جن میں پنجاب رینجرز، پولیس، جیل پولیس، بم ڈسپوذل سکواڈ، انسداد دہشتگردی فورس اور دیگر امدادی اداروں نے شرکت کی۔

فرضی مشقوں میں جیل پر کسی بھی قسم کے حملے کو ناکام بنانے کی ایکسرسائز کی گئی جس میں فرضی طور پر 2 حملہ آواروں کو سکیورٹی اداروں کی جانب سے قابو کیا گیا جبکہ بارودی مواد کو ناکارہ بنانے کا بھی عملی مظاہرہ کیا گیا جس میں بم ڈسپوذل سکواڈ نے مہارت سے کارروائی کی۔

مشق کے دوران سکیورٹی فورسز اور امدادی اداروں کے مابین رابطوں کا عملی مظاہرہ بھی دیکھنے میں آیا ، اس حوالے سے جیل میں آگ لگنے کی فرضی کال کی گئی جس کے بعد مقامی فائربریگیڈ، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور دیگر اداروں نے بروقت صورتحال پر قابو پایا۔

یہ بھی پڑھیں: فرنٹیئر کانسٹیبلری کو ملک گیرفورس میں تبدیل کرنے کا آرڈیننس جاری

کسی بھی قسم کے ہنگامی حالات میں جیل کے اطراف سیکورٹی کارڈن لگا کر جیل کو محفوظ بنانے کی مشق بھی کی گی۔

ہنگامی حالات میں امدادی اداروں کی بروقت کاروائی فرضی زخمیوں کو اسپتالوں میں بروقت منتقل کرنے کا بھی عملی مظاہرہ کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق پنجاب رینجرز سمیت تمام اداروں نے بھرپور پروفیشنل ایکشن کا عملی مظاہرہ کیا جس پر جیل حکام نے اس مشق کو کامیاب قرار دیتے ہوئے تمام اداروں کی تعریف کی۔

جیل ذرائع کا بتانا تھا کہ آئندہ دنوں میں ایسی مزید مشقوں کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ بروقت تیاری رکھی جاسکے۔