پی ٹی آئی کا قافلہ لاہور کے قریب پہنچ گیا
PTI protest plan
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے آئندہ احتجاجی تحریک کے لائحہ عمل کے اعلان سے قبل اہم سیاسی پیش رفت سامنے آئی ہے۔

وزیر اعلی خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر کی قیادت میں پی ٹی آئی کا بڑا قافلہ لاہور کے قریب پہنچ چکا ہے۔

قافلے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی مرکزی قیادت، پنجاب اور خیبر پختونخوا سے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی بھی شامل ہیں۔ شاہدرہ میں پارٹی کارکنوں کی جانب سے قافلے کا پرتپاک استقبال کیا جائے گا، جس کے بعد یہ قافلہ رائیونڈ فارم ہاؤس کی جانب روانہ ہوگا، جہاں عشائیے کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق رائیونڈ فارم ہاؤس میں چیئرمین بیرسٹر گوہر اور وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی صدارت میں ایک اہم اجلاس ہوگا۔ اجلاس میں پنجاب اور خیبر پختونخوا کی پارلیمانی پارٹیاں شریک ہوں گی، جس میں آئندہ احتجاجی تحریک کے لائحہ عمل پر مشاورت کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی کی تحریک شروع؟

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کل باقاعدہ پریس کانفرنس کے ذریعے احتجاجی تحریک کا اعلان کرے گی۔

سیاسی مبصرین کے مطابق یہ پیش رفت آئندہ چند روز میں ملکی سیاست میں بڑی ہلچل پیدا کر سکتی ہے، خصوصاً اگر تحریک عوامی سطح پر پذیرائی حاصل کرتی ہے۔

پی ٹی آئی کی قیادت اس تحریک کو فیصلہ کن موڑ پر لانے کے لیے مکمل طور پر متحرک نظر آتی ہے۔