پی ٹی آئی کی احتجاجی تحریک، فیصلوں کا اعلان آج متوقع
PTI protest movement
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے ملک گیر احتجاجی تحریک کے سلسلے میں اہم فیصلوں کا اعلان آج متوقع ہے۔

تحریک کے لائحہ عمل کو حتمی شکل دینے کیلئے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس ہوا۔

اجلاس رائیونڈ روڈ پر واقع فارم ہاؤس میں منعقد ہوا، جس میں پارٹی کی اعلیٰ قیادت، ٹکٹ ہولڈرز اور اہم رہنماؤں نے شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی ہدایت پر تحریک کا آغاز ہو چکا ہے، تحریک 5 اگست کو اپنے عروج پر پہنچے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر عمران خان کے بیٹے تحریک کی قیادت کرتے ہیں تو یہ ان کا جمہوری اور آئینی حق ہے، جسے روکا نہیں جا سکتا۔ یہ تحریک جمہوری، پُرامن اور آئینی دائرہ کار میں رہتے ہوئے چلائی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں:لاہور سے تحریک کا آغاز، علی امین گنڈاپور کا بڑا اعلان

ذہن نشین رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی مرکزی قیادت اس وقت لاہور میں موجود ہے، اور گزشتہ روز وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور بھی لاہور پہنچے تھے، جس سے پارٹی سرگرمیوں میں تیزی آ گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق آج تحریک کے باقاعدہ شیڈول، جلسوں، ریلیوں اور آئندہ حکمت عملی سے متعلق باضابطہ اعلان متوقع ہے، جس کا کارکنان اور سیاسی مبصرین کو بے چینی سے انتظار ہے۔