بادل پھر سے برسنے کو تیار؟محکمہ موسمیات نے بتا دیا
Monsoon rains Pakistan
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک میں مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ داخل ہو رہا ہے، جس کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں مزید تیز بارشوں کا امکان بڑھ گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کرہد رپورٹس کے مطابق 13 جولائی سے مغربی ہوائیں پاکستان میں داخل ہونا شروع ہو جائیں گی، جس کے باعث مون سون سیزن کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔

رپورٹس کے مطابق مغربی ہواؤں کے زیر اثر اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔

13 جولائی سے 17 جولائی تک خیبر پختونخوا، پنجاب اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ بعض علاقوں میں موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔

سندھ کے مختلف شہروں میں بھی بادل برسنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ 15 تا 17 جولائی تھرپارکر، میرپور خاص، کراچی سمیت دیگر اضلاع میں بارش متوقع ہے، جو گرمی کے ستائے شہریوں کیلئے راحت کا باعث بن سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ملک بھر میں شدید بارشوں اور سیلاب کا خطرہ

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ مسلسل بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ بڑھ سکتا ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ظاہر کیاجارہا ہے۔ متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

دوسری جانب اداروں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ بارشوں کے دوران غیر ضروری سفر سے اجتناب کیا جائے، اور موسمی اپڈیٹس پر نظر رکھیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے محفوظ رہا جا سکے۔