خیبرپختونخوا: مخصوص نشستوں پر حلف کیلئے اجلاس بلانے سے انکار
خیبر پختونخوا اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر ارکان کے حلف کے معاملے پر سپیکر نے اجلاس بلانے سے معذرت کرلی
خیبر پختونخوا اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر ارکان کے حلف کے معاملے پر سپیکر نے اجلاس بلانے سے معذرت کی/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) خیبر پختونخوا اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر ارکان کے حلف کے معاملے پر سپیکر نے اجلاس بلانے سے معذرت کرلی۔ سپیکر کے پی اسمبلی کے مطابق سپیکر نے کہا صوبائی اسمبلی کا اجلاس بلانے کے لیے میرے پاس کوئی اختیار نہیں۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے خیبر پختونخوا اسمبلی کو بھیجے گئے مراسلے میں کہا گیا تھا کہ 21 جولائی کو سینیٹ انتخابات کے لیے خیبر پختونخوا اسمبلی کا ہال فراہم کیا جائے۔ ن لیگ کے بحال ارکان نے الیکشن کمیشن کو خط میں کہا ہے کہ سپیکر کے پی اسمبلی نے حلف کے لیے اجلاس بلانے سے انکار کر دیا، چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کو کہیں وہ حلف لینے کے لیے کسی کو نامزد کریں۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان: بسوں سے 9 مسافروں کو اتار کر شہید کر دیا

ادھر مسلم لیگ ن کی جانب سے مخصوص نشستوں پر منتخب اقلیت اور خواتین ممبران سے حلف لینے کے لیے پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔ جس میں الیکشن کمیشن اور سپیکر صوبائی اسمبلی کو فریق بنایا گیا ہے۔ دائر درخواست کے مطابق سپریم کورٹ آئینی بینچ فیصلے کے بعد خیبر پختونخوا اسمبلی کے مخصوص نشستوں پر منتخب ممبران کو بحال کیا گیا ہے، 2 جولائی کو الیکشن کمیشن نے ممبران کی بحالی کا نوٹیفکیشن جاری کیا اور درخواست گزاروں نے سپیکر صوبائی اسمبلی کو حلف کے لیے درخواست دی۔

سیکرٹری سپیکر صوبائی اسمبلی نے کہا کہ جب اسمبلی اجلاس ہوگا تو ان سے حلف لیا جائے گا۔ ن لیگ کی درخواست کے مطابق 26 ویں آئینی ترمیم کے آرٹیکل 255 (2) کے تحت چیف جسٹس کو اختیار دیا گیا ہے اور چیف جسٹس کسی کو بھی نامزد کر سکتا ہے کہ وہ ممبران سے حلف لے لیں، درخواست جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی استدعا بھی کی گئی ہے۔