
ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے کہا ہے کہ بے گناہ شہریوں کو بیہمانہ طریقے سے قتل کرنا فتنہ الہندوستان کی کھلی درندگی ہے، واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز کا فوری ردعمل، جائے وقوعہ پر پہنچ کر دہشتگردوں کا تعاقب کیا، دہشت گرد رات کی تاریکی میں فرار ہوئے، تعاقب جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کا متاثرہ علاقے میں بھرپور سرچ آپریشن جاری ہے، حملہ پاکستان کے امن اور یکجہتی پر حملہ ہے، دشمن کی چال ناکام بنائیں گے، بلوچستان کے عوام دشمن کے ناپاک عزائم کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ہیں، ریاست دشمن عناصر کو عبرتناک انجام تک پہنچایا جائے گا۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بے گناہ و معصوم مسافروں کو نشانہ بنانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے دلخراش واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا۔
یہ بھی پڑھیں: اے این پی رہنما مولانا خان زیب فائرنگ سے جاں بحق
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں، دکھ کی گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں، معصوم لوگوں کو نشانہ بنانا سفاکیت کی انتہا ہے، فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں نے بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنا کر بدترین بربریت کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ معصوم مسافروں کو نشانہ بنانے والے بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کا ہر جگہ پیچھا کریں گے اور خاتمہ کریں گے، بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں اور آلہ کاروں کی ہر سازش قوم کی حمایت سے ناکام بنائیں گے۔
ادھر وزیراعظم نے بلوچستان کے علاقے سر ڈھاکہ میں بس سے مسافروں کے اغوا اور ہلاکت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں سے پوری قوت سے نمٹیں گے، بے گناہ افراد کے خون کا بدلہ لیا جائے گا، نہتے شہریوں کا قتل فتنتہ الہندوستان کی کھلی دہشتگردی ہے، عزم، اتحاد اور طاقت سے دیشت گردی کے ناسور سے نمٹیں اور اس کو جڑ سے اکھاڑ کر دم لیں گے۔