
اس افسوسناک واقعہ میں مجموعی طور پر دو افراد جاں بحق جبکہ تین زخمی ہوئے، حملے میں ایک پولیس اہلکار بھی جاں بحق ہوا ہے۔
پولیس کے مطابق حملہ خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ کے علاقے کوشنڈائی موڑ کے قریب پیش آیا جہاں مولانا خان زیب کو نشانہ بنایا گیا۔ واقعے میں ایک پولیس اہلکار بھی فائرنگ کی زد میں آ کر شہید ہو گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھے اور انہوں نے انتہائی قریب سے فائرنگ کی۔ فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
دوسری جانب پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں، اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
مولانا خان زیب کے قتل پر عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں نے شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے واقعے کی فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ٹارگٹ کلنگ معلوم ہوتا ہے، تاہم تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ ابتدائی طور پر یہ دہشتگردی کی کارروائی لگتی ہے۔