تحریک انصاف نے احتجاج کی تاریخ کا اعلان کردیا
 پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے احتجاجی تحریک کی تاریخ کا اعلان کردیا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے احتجاجی تحریک کی تاریخ کا اعلان کردیا۔

پی ٹی آئی کے سیکرٹری انفارمیشن شیخ وقاص اکرم نے سنو نیوز کے پروگرام برعکس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پانچ اگست کو ہم اپنے حلقوں میں احتجاج کریں گے، بانی پی ٹی آئی عمران خان نے 5 اگست کو اسلام آباد آنے سے منع کیا ہے، خان کا فیصلہ حتمی ہے۔

میزبان رانا مبشر نے سوال کیا کہ کیا خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت سروائیو کرے گی؟ جس پر شیخ وقاص اکرم نے جواب دیا کہ خیبر پختونخوا میں جنہوں نے 8 فروری کو اپنا مینڈیٹ بچایا وہ آج بھی اسے نہیں جانے دیں گے۔

رانا مبشر نے سوال کیا کہ پاکستان تحریک انصاف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے امیدیں کیوں لگائی تھیں؟ جس پر شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے امریکا میں موجود سپورٹرز نے صدر ٹرمپ سے امیدیں لگائیں۔

مذاکرات کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف حکومت کے ساتھ مذاکرات نہیں کرے گی، اس وقت پاکستان تحریک انصاف نہ بیک ڈور مذاکرات ہوں گے نہ ہی فرنٹ ڈور مذاکرات کیے جائیں گے، مستقبل میں پاکستان تحریک انصاف مذاکرات صرف اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: شاہ محمود قریشی کی بریت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ جس بھی دور میں عوام کی آواز کو دبایا گیا غلط ہوا، مولانا فضل الرحمان اپوزیشن کے فارمل الائنس کا حصہ بننے کے لیے تیار نہیں ہیں حالانکہ بانی تحریک انصاف مولانا فضل الرحمان کو اکاموڈیٹ کرنے کے لیے تیار تھے۔

میزبان نے سوال کیا کہ مولانا فضل الرحمان کے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے ساتھ کیا تحفظات تھے؟ جس پر شیخ وقاص نے جواب دیا کہ مولانا فضل الرحمان اور گنڈاپور کے درمیان ایم این اے اور ایم پی اے کی سیٹوں پر تحفظات تھے۔

نئے صوبوں سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں پی ٹی آئی رہنما شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں نئے صوبے بننے چاہئیں۔