
تفصیلات کے مطانق رجسٹریشن کا عمل نامزد بینکوں اور وزارت مذہبی امور کے آن لائن پورٹل کے ذریعے جاری ہے، جہاں سے شہری مطلوبہ معلومات حاصل کر کے اپنی درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔ وزارت کے مطابق رجسٹریشن کی توسیع جمعہ کے روز تک رہے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ عازمین کو موقع مل سکے۔ اب تک ملک بھر سے 3 لاکھ 13 ہزار سے زائد افراد نے حج 2026 کے لیے رجسٹریشن مکمل کر لی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں مسلسل بارشوں اور ممکنہ سیلاب کا الرٹ جاری
حج 2026 کے اخراجات، سہولیات، رہائش، سفری انتظامات اور دیگر شرائط و ضوابط کے بارے میں معلومات علیحدہ سے وزارت کی حج پالیسی کے تحت جاری کی جائیں گی۔ توقع ہے کہ ان تفصیلات کا اعلان آئندہ چند ہفتوں میں کر دیا جائے گا تاکہ رجسٹرڈ عازمین اپنی تیاریوں کو مکمل کر سکیں۔
حج رجسٹریشن کے اس مرحلے میں توسیع سے اُن افراد کو فائدہ ہوگا جو کسی مجبوری یا تکنیکی مسائل کی وجہ سے بروقت درخواست جمع نہ کرا سکے تھے۔ وزارت نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ آخری تاریخ کا انتظار کیے بغیر فوری طور پر اپنی رجسٹریشن مکمل کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ پریشانی سے بچا جا سکے۔
حج اسلام کے بنیادی ارکان میں سے ایک ہے اور ہر صاحبِ استطاعت مسلمان پر زندگی میں ایک بار فرض ہے۔ اسی لیے ہر سال لاکھوں مسلمان پاکستان سے اس مقدس فریضے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب روانہ ہوتے ہیں۔ وزارت مذہبی امور کی کوشش ہے کہ عازمین کو بہترین سہولیات مہیا کی جائیں اور ان کے حج کے سفر کو آسان، محفوظ اور بابرکت بنایا جا سکے۔