
مالی سال 2025-26 کے بجٹ میں اعلان کردہ تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا، جس کے بعد یہ اضافہ یکم جولائی 2025 سے نافذ العمل ہوگا۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ 1 سے 16 تک کے تمام ملازمین کی تنخواہوں میں 12 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ گریڈ 17 سے 22 کے افسران کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ منظور کیا گیا ہے۔
ذہن نشین رہے کہ یہ اضافہ سندھ حکومت کے بجٹ کا حصہ ہے، جسے 13 جون کو وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبائی اسمبلی میں پیش کیا تھا۔
دوسری جانب سرکاری ملازمین کے ساتھ ساتھ ریٹائرڈ افراد کیلئے بھی اچھی خبر ہے، حکومت نے پنشن میں 8 فیصد اضافے کی منظوری بھی دے دی،جس سے لاکھوں پنشنرز کو مالی ریلیف ملنے کی توقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں:حکومت کا لیپ ٹاپ کی تقسیم کے حوالے سے بڑا فیصلہ
یاد رہے کہ بجٹ پیش کیے جانے سے قبل سندھ کابینہ کے اجلاس میں اس فیصلے کی منظوری دی گئی تھی۔ حکومت کے اس اقدام کو ملازمین نے سراہتے ہوئے کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کے دور میں تنخواہوں میں اضافہ ایک مثبت قدم ہے جو ان کی مالی مشکلات میں کچھ کمی لائے گا۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ نہ صرف ملازمین کیئے حوصلہ افزا ہے بلکہ یہ صوبائی معیشت پر بھی خوشگوار اثر ڈالے گا، کیونکہ اس سے قوتِ خریداری میں بہتری آئے گی۔