
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.7 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کی گہرائی 30 کلومیٹر اور مرکز بارکھان کے شمال میں 26 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع تھا۔
زلزلے کے جھٹکے اتنے شدید تھے کہ شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں، دکانوں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔ کئی مقامات پر لوگوں میں خوف و ہراس دیکھا گیا جبکہ والدین نے بچوں کو اسکولوں سے فوری طور پر گھر منتقل کیا۔
خوش قسمتی سے زلزلے کے نتیجے میں کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ تاہم، زلزلے کے بعد ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ادارے متحرک ہو گئے اور مختلف علاقوں میں صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے ٹیمیں روانہ کر دی گئیں۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب میں بارشیں، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری
ماہرین ارضیات کے مطابق بلوچستان کا خطہ فالٹ لائن پر واقع ہے، جہاں زلزلے آنا معمول کا حصہ ہیں۔ تاہم شہریوں کو محتاط رہنے اور ہنگامی صورتحال میں حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔
ضلعی حکومت کی جانب سے عوام کو فوری طور پر کسی بھی ایمرجنسی میں ہیلپ لائن سے رابطہ کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔ زلزلے کے بعد آفٹر شاکس کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔