بلوچستان: میٹرک کے سالانہ امتحانی نتائج کا اعلان، لڑکے بازی لے گئے
 بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے میٹرک کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا۔
فائل فوٹو
کوئٹہ: (سنو نیوز) بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے میٹرک کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا۔

چیئرمین بلوچستان تعلیمی بورڈ محمد اسحاق نے نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانی نتائج سے متعلق پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ بی آر سی ژوب کے طالب علم آفتاب عالم نے 1051 نمبر لے کر بورڈ میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بی آر سی لورالائی کے طالب علم محمد حاشر کی 1043 نمبروں کے ساتھ دوسری پوزیشن ہے، بی آر سی لورالائی کے ہی طلباء محمد طفیل اور ثاقب کریم نے مشترکہ طور پر تیسری پوزیشن حاصل کی ہے، تیسری پوزیشن لینے والے طلباء محمد طفیل اور ثاقب کریم نے 1038 نمبر حاصل کیے۔

چیئرمین بورڈ اسحاق بلوچ کے مطابق دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات میں ایک لاکھ 48 ہزار 114 طلباء شریک ہوئے جن میں سے ایک لاکھ 870 امیدوار کامیاب قرار پائے،دسویں جماعت کے طلباء میں کامیابی کا تناسب 68.10 فیصد رہا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ نویں جماعت کے سالانہ امتحانات میں 69 ہزار 275 طلباء شریک ہوئے جن میں سے 32 ہزار 67 کامیاب قرار پائے،نویں جماعت کے سالانہ رزلٹ میں کامیابی کا تناسب 46.29 فیصد رہا۔