جنید صفدر کا چالان، مریم نواز کی پولیس ٹیم کو شاباش

فائل فوٹو
July, 7 2025
لاہور: (سنو نیوز) لاہور پولیس نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر وزیراعلیٰ مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر کا چالان کردیا۔
ذرائع کے مطابق لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں پولیس اہلکار وں نے جنید صفدر کا چالان کیا، جنید صفدر کی گاڑی کے کالے شیشوں کی وجہ سے چالان کیا گیا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ جنید صفدر نے ٹریفک قانون کی خلاف ورزی پر چالان کو خوش دلی سے قبول کیا اور انہوں نے چالان بھرنے پر بھی رضامندی کا اظہار کیا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بیٹے جنید صفدر کا چالان کرنے والی پولیس ٹیم کو شاباش دی ہے، وزیراعلیٰ مریم نواز نے چالان کرنے والی پولیس ٹیم کے انچارج شاہ زیب، اہلکاروں پرویز، حیدر اور مجاہد کو شاباش دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے قانون کی پاسداری کو یقینی بنایا، قانون کی بالادستی ہی ہماری حکومت کی پہچان ہے، پورے پنجاب میں قانون کا یکساں نفاذ اورپاسداری دیکھنا چاہتی ہوں۔