
تفصیلات کے مطابق امریکا کی ریاست مشی گن سے تعلق رکھنے والی 47 سالہ خاتون مینڈی رمسون (Mandy Ramson) پاکستان کے ضلع اپر دیر کے دور دراز علاقے عشیری درہ میں اپنے محبوب ساجد علی سے شادی کرنے کے لیے پہنچی۔ ساجد علی کا تعلق دیر بالا کے علاقے صدیقہ سے ہے۔ دونوں کی دوستی فیس بک پر ہوئی تھی جو بعد ازاں محبت میں بدل گئی۔
مینڈی رمسون کے مطابق ساجد علی نے سب سے پہلے فیس بک پر انہیں فرینڈ ریکویسٹ بھیجی جسے انہوں نے قبول کیا، اس کے بعد دونوں کے درمیان بات چیت کا سلسلہ شروع ہوا۔ وقت کے ساتھ ان کی قربتیں بڑھتی گئیں اور بالآخر انہوں نے ملاقات اور شادی کا فیصلہ کر لیا۔
پاکستان پہنچنے پر مینڈی رمسون اسلام آباد ایئرپورٹ پر اپنے دوست ساجد علی سے ملیں، جہاں دونوں کے چہروں پر خوشی دیدنی تھی۔ بعد ازاں وہ اپردیر کے علاقے عشیری درہ پہنچیں جہاں ساجد علی کے خاندان نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ مینڈی نے پاکستانی لباس پہن کر مقامی روایات کے مطابق نہ صرف ماحول سے خود کو ہم آہنگ کیا بلکہ اہل علاقہ کے ساتھ گھل مل بھی گئیں۔
مینڈی رمسون نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک خوبصورت اور محبت کرنے والا ملک ہے۔ انہوں نے پاکستان کو ’’جنت کا ٹکڑا‘‘ قرار دیا اور کہا کہ اگرچہ امریکہ میں ان کے گھر میں صرف تین افراد پر مشتمل چھوٹی سی فیملی ہے، مگر پاکستان آ کر انہیں ایک بہت بڑی اور محبت کرنے والی فیملی مل گئی ہے، جس پر وہ بے حد خوش ہیں۔
یاد رہے یہ کہانی سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے اور ساجد علی اور مینڈی رمسون کی محبت کو لوگ سراہ رہے ہیں۔ یہ واقعہ اس بات کا ثبوت ہے کہ خلوص اور سچائی پر مبنی تعلقات سرحدوں، زبانوں اور قوموں سے بالاتر ہوتے ہیں۔