پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑے اضافے کا امکان
petrol price hike
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مہنگائی کی چکی میں پسنے والی عوام کیلئے ایک اور بری خبر آ گئی ہے، کیونکہ حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کی تیاری کی جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق آئندہ 15 روز کیلئے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 11 سے 15 روپے فی لیٹر تک اضافہ متوقع ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پٹرول کی قیمت میں 11 روپے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر اضافہ ہو سکتا ہے۔ اوگرا (آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی) کی جانب سے اس حوالے سے سمری آج وزارتِ پیٹرولیم کو بھجوائی جائے گی، جس کے بعد وزیر خزانہ وزیرِاعظم سے مشاورت کر کے نئی قیمتوں کا حتمی اعلان کریں گے۔

واضح رہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ اور روپے کی قدر میں مسلسل گراوٹ اس ممکنہ اضافے کی بنیادی وجوہات قرار دی جا رہی ہیں۔ ایران اسرائیل کشیدگی کے باعث بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس کا براہ راست اثر پاکستانی معیشت پر بھی پڑ رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پلاسٹک کی خالی بوتلیں جمع کرانے پر ایک ہزار روپے انعام

رپورٹ کے مطابق تیل کی قیمت 80 ڈالر فی بیرل ہونے کی صورت میں پاکستان کو پٹرول کی قیمت میں 35 روپے فی لیٹر اضافہ کرنا پڑے گا، اگر تیل 85 ڈالر فی بیرل ہو جاتا ہے تو یہ اضافہ 55 روپے فی لیٹر تک پہنچ سکتا ہے۔ اسی طرح، تیل کی قیمت اگر 90 ڈالر فی بیرل ہوئی تو پیٹرول کی قیمت میں 90 روپے، 95 ڈالر پر 130 روپے، اور اگر 100 ڈالر فی بیرل کا ہندسہ عبور کرتا ہے تو پیٹرول کی قیمت میں 180 روپے فی لیٹر تک اضافہ متوقع ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ تیل کی قیمت میں اضافے کے ساتھ ساتھ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر بھی متاثر ہوگی۔ اگر عالمی منڈی میں تیل کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل تک پہنچتی ہے تو ایک ڈالر کی قیمت پاکستانی روپے میں 292 روپے سے تجاوز کر سکتی ہے۔