اپوزیشن لیڈر کا وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کے استعفیٰ کا مطالبہ
خیبرپختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد اللہ نے وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈاپور سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا۔
فائل فوٹو
سوات: (سنو نیوز) خیبرپختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد اللہ نے وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈاپور سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا۔

سوات میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر عباداللہ خان کا کہنا تھا کہ سوات سانحہ سے وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی بے حسی ظاہر ہو گئی، سوات سانحہ میں جو قتلِ عام ہوا اس کا اصل مجرم وزیرِ اعلیٰ ہے، علی امین کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ آج عوام نے وزیرِ اعلیٰ کے خلاف نعرے لگائے اور استعفے کا مطالبہ کیا، ان کا لیڈر خود کہتا تھا اگر پچاس لوگ میرے خلاف نعرے لگائیں تو میں مستعفی ہو جاؤں گا، وزیراعلیٰ نے متعلقہ افسران کے تبادلوں کا حکم دیا، صرف تبادلوں سے سانحہ کا ازالہ ممکن نہیں،اے سیز اور ڈی سیز کے تبادلے کروڑوں میں ہوتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: دریائے سوات میں ایک ہی خاندان کے 18 افراد پانی میں بہہ گئے

اپوزیشن لیڈر خیبرپختونخوا اسمبلی ڈاکٹر عباد اللہ خان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم اے کی گاڑیاں ایم پی ایز استعمال کرتے ہیں، کتنا افسوسناک لمحہ تھا جب بیٹا باپ سے اور بیوی شوہر سے پوچھ رہی تھی کہ ہماری باری کب آئے گی؟ پشاور سے صرف 23 منٹ کی ہیلی کاپٹرپرواز کے فاصلے پر وزیرِ اعلیٰ نے ہیلی کاپٹر کیوں نہیں بھیجا؟

انہوں نے کہا کہ فوری طور پر صوبائی اسمبلی کا اجلاس بلایا جائے، ہم نے اجلاس بلانے کا کہا، لیکن وزیرِ اعلیٰ نے اسپیکر کو اجلاس نہ بلانے کی ہدایت کر دی، ہم ریکوزیشن جمع کرائیں گے، سوات کے تمام اراکین اس پر دستخط کریں۔