تحریک انصاف کا حق تھا کہ انہیں مخصوص نشستیں دی جاتیں، امیر جماعت اسلامی
Hafiz Naeem ur Rehman
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے حکومت اور الیکشن کمیشن پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا حق تھا کہ انہیں مخصوص نشستیں دی جاتیں، لیکن ان سے یہ حق چھینا گیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے بلدیاتی انتخابات میں بدترین دھاندلی کی اور جیتی ہوئی نشستوں کو جعلی طریقوں سے ہتھیا لیا۔ کراچی میں جعلی مینڈیٹ کے ذریعے میئر مسلط کیا گیا، جو جمہوری اقدار کی نفی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے کامیاب قرار دیا گیا تھا لیکن میں نے سیٹ اس لیے واپس کی کیونکہ مجھے معلوم تھا کہ چند ووٹوں سے ہارا ہوں، اصولوں پر سیاست کرنا ہی اصل سیاست ہے۔

حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ عام انتخابات میں جماعت اسلامی کو جیتی ہوئی نشستیں نہیں دی گئیں، جس سے سیاسی بددیانتی کی بدترین مثال سامنے آئی۔

یہ بھی پڑھیں:عمران خان کو جیل میں تمام سہولیات میسر ہیں،ترجمان جیل خانہ جات

ان کا مزید کہنا تھا کہ جب اپنی تنخواہیں بڑھانے کی بات آتی ہے تو تمام سیاسی جماعتیں متحد ہو جاتی ہیں، لیکن عوام کے حقوق کی بات ہو تو کوئی آواز نہیں اٹھاتا۔

انہوں نے عالمی مسائل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جو مظالم اسرائیل فلسطین میں کرتا ہے، وہی کچھ بھارت کشمیر میں کر رہا ہے، لیکن عالمی برادری دونوں جگہوں پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔