سندھ میں موسلادھار بارشیں، محکمہ موسمیات کا الرٹ
محکمہ موسمیات نے سندھ بھر میں آج موسلادھار بارش کی پیشگوئی کر دی۔ جس سے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے
محکمہ موسمیات نے سندھ بھر میں موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی / فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات نے سندھ بھر میں آج موسلادھار بارش کی پیشگوئی کر دی۔ جس سے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، میرپورخاص، ٹھٹھہ اور بدین میں شدید بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سندھ کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش ہوئی۔ مٹھی میں سب سے زیادہ 53 ملی میٹر جبکہ تھرپارکر میں 45 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ نوابشاہ میں 49 اور حیدرآباد میں 43 ملی میٹر بارش ہوئی۔ اسی طرح چھور میں 37، ٹنڈو جام میں 26 اور میرپورخاص میں 24 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: دریائے سوات میں ایک ہی خاندان کے 18 افراد پانی میں بہہ گئے

کراچی میں بھی بارش نے جل تھل کر دیا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بادل برستے رہے، جہاں گلشن حدید میں سب سے زیادہ 17 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ فیصل بیس پر 12، یونیورسٹی روڈ پر 11، اور ائیرپورٹ پر 9 ملی میٹر بارش ہوئی۔ گڈاپ، کورنگی، ڈی ایچ اے اور نارتھ کراچی میں 8 ملی میٹر، کیماڑی میں 6 جبکہ سرجانی اور جناح ٹرمینل پر 5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ بارش کے دوران احتیاط برتیں، نشیبی علاقوں سے گزرنے سے گریز کریں اور متعلقہ ادارے الرٹ رہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔