
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر شاہد آفریدی نے دریائے سوات کی بے رحم موجوں میں گھرے بدقسمت خاندان کی تصویر شیئر کی۔
پوسٹ کے کیپشن میں شاہد آفریدی نے لکھا کہ دریائے سوات میں ڈوبنے والے معصوم لوگ آخری لمحے تک بے بسی کی تصویر بن کر یہ انتظار کرتے رہے کہ شاید کوئی انہیں بچا لے گا، مگر انہیں اندازہ نہ تھا کہ جن کی یہ ذمہ داری ہے، ان کی ترجیحات کچھ اور ہیں۔
دریائے سوات میں ڈوبنے والے معصوم لوگ آخری لمحے تک بے بسی کی تصویر بن کر یہ انتظار کرتے رہے کہ شاید کوئی انہیں بچا لے گا، مگر انہیں اندازہ نہ تھا کہ جن کی یہ ذمہ داری ہے، ان کی ترجیحات کچھ اور ہیں۔ pic.twitter.com/bFHz7pIV2E
— Shahid Afridi (@SAfridiOfficial) June 27, 2025
خیال رہے کہ خیبرپختونخوا میں موسلادھار بارشوں کے بعد آج دریائے سوات بپھر گیا، سیلابی ریلے نے تباہی مچا دی، دریائے سوات کی بے رحم موجیں ایک ہی خاندان کے 18 افراد کو بہا لے گئیں۔
متاثرہ خاندان سیالکوٹ سے سوات سیر کے لیے آیا تھا جو دریا کے کنارے بیٹھا ناشتہ کر رہا تھا تاہم اسی دوران بارش کی وجہ سے دریا میں تیز بہاؤ ہوا اور ایک ہی خاندان کے 18 افراد بہہ گئے۔
کمشنر مالاکنڈ ڈویژن نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ متاثرہ خاندان کو دریا پر جانے سے روکنے کی کوشش بھی کی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: دریائے سوات میں ایک ہی خاندان کے 18 افراد پانی میں بہہ گئے
بعدازاں خیبرپختونخوا حکومت نے سوات واقعہ کی تحقیقات کےلئے تین رکنی کمیٹی تشکیل دیدی ، گریڈ 21 کے خیام حسن خان کو کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے، گریڈ 19 کے افسر محمد عثمان اور گریڈ 18 کے شہریار قمر کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔
علاوہ ازیں سوات واقعہ میں متاثر ہونے والے خاندان کے لیے 10 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا ہے۔
ترجمان وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے ایک بیان میں بتایا کہ پنجاب سے تعلق رکھنے والے جاں بحق افراد کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے کی مالی امداد فراہم کی جائیگی۔