پنجاب میں بارش اور آندھی کا قہر، 11 افراد جاں بحق
Punjab storm casualties
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پنجاب بھر میں حالیہ بارشوں اور آندھی کے باعث مختلف حادثات میں 11 قیمتی جانیں ضائع ہو گئیں جبکہ 35 افراد زخمی ہو گئے۔

پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے 25 سے 27 جون کے دوران پیش آنے والے حادثات کی تفصیلی رپورٹ جاری کر دی۔

جاری کردہ رپورٹس کے مطابق ان تین دنوں کے دوران صوبے میں 25 حادثات رپورٹ ہوئے جن میں زیادہ تر اموات چھت اور دیواریں گرنے کے باعث ہوئیں۔ لاہور میں سب سے زیادہ 8 کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں 3 افراد چھت گرنے سے جاں بحق ہوئے۔ اوکاڑہ میں چھت گرنے سے ایک بچہ جاں بحق اور 2 زخمی ہوئے۔

دوسری جانب منڈی بہاوالدین میں کرنٹ لگنے سے 2 بچے جان کی بازی ہار گئے جبکہ ایک شخص چھت گرنے سے زخمی ہوا۔ جھنگ میں 2 افراد برساتی نالے میں ڈوب کر جاں بحق ہوئے۔ ساہیوال میں ایک مرد اور ایک خاتون چھت گرنے سے جاں بحق ہوئے۔ قصور اور بہاولپور میں بھی ایک ایک بچہ چھت گرنے سے جاں بحق ہوا۔

اسی طرح ملتان میں چھت گرنے سے 2 مرد، 5 خواتین اور ایک بچہ زخمی ہوئے، جبکہ چنیوٹ میں چھت گرنے سے 4 افراد زخمی ہوئے۔ خانیوال میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص کی ہلاکت رپورٹ ہوئی، اور جہلم میں 2 افراد سیلابی نالے میں گر کر جان سے گئے۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ قیمتی جانوں کا تحفظ ممکن ہو سکے۔