زائد المیعاد شناختی کارڈز پر جاری موبائل سمز کیخلاف گرینڈ آپریشن کا اعلان
Expired CNIC SIM crackdown
فائل فوٹو
لاہور:(ویب ڈیسک) ملک بھر میں جعلی شناخت اور فراڈ میں استعمال ہونے والی موبائل سمز کیخلاف بڑا اقدام اٹھا لیا گیا۔

نادرا اور پی ٹی اے نے مشترکہ طور پر 30 جون 2025 سے ایسے شناختی کارڈز پر رجسٹرڈ موبائل سمز کیخلاف گرینڈ آپریشن شروع کرنے کا اعلان کر دیا جن کی میعاد ختم ہوچکی ہے یا جن کے مالکان وفات پا چکے ہیں۔

نادرا نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو ان تمام شناختی کارڈز کا مکمل ڈیٹا فراہم کر دیا ہے جن پر اس وقت بھی ہزاروں موبائل سمز فعال ہیں، حالانکہ ان شناختی کارڈز کی میعاد 2017 یا اس سے پہلے ختم ہوچکی ہے، یا وہ افراد انتقال کر چکے ہیں۔

حکام کے مطابق نادرا اور پی ٹی اے کی اس کارروائی کا مقصد ایسے عناصر کی سرگرمیوں کا خاتمہ ہے جو جعلی شناختوں اور میعاد ختم شدہ دستاویزات کے ذریعے موبائل سمز کا غلط استعمال کرتے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق متعدد فراڈ کیسز میں ایسی ہی سمز ملوث پائی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:دریائے سوات میں ایک ہی خاندان کے 18 افراد پانی میں بہہ گئے

خیال رہے کہ یہ گرینڈ آپریشن تین مرحلوں پر مشتمل ہوگا:

پہلا مرحلہ 30 جون 2025 سے شروع ہوگا جس میں 2017 سے پہلے میعاد ختم ہونے والے شناختی کارڈز پر جاری سمز بند کی جائیں گی۔

دوسرا مرحلہ 30 نومبر 2025 سے شروع ہوگا، جبکہ تیسرا اور آخری مرحلہ 31 دسمبر 2025 کو مکمل ہوگا جس میں تمام مشکوک سمز بند کر دی جائیں گی۔

نادرا حکام کی جانب سے عوام کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ فوری طور پر اپنے شناختی کارڈز کا ریکارڈ درست کروائیں اور اگر کسی فوت شدہ عزیز کی موبائل سم اپنے نام پر منتقل کروانا چاہتے ہیں تو نادرا سے رجوع کریں۔ بصورت دیگر 30 جون سے ان تمام  سمز کو بلاک کر دیا جائے گا۔