ترجمان پاک فوج کی تحریک انصاف سے بیک ڈور مذاکرات کی تردید
ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے تحریک انصاف سے بیک ڈور مذاکرات کی تردید کردی۔
فائل فوٹو
راولپنڈی: (سنو نیوز) ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے تحریک انصاف سے بیک ڈور مذاکرات کی تردید کردی۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو دیئے گئے انٹرویو کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کا کہنا تھا کہ فوج سیاسی جماعتوں سے بات کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتی، ہم ہمیشہ اس معاملے پر بالکل واضح رہے ہیں، یہ سیاستدانوں کا کام ہے کہ وہ آپس میں بات کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کی ریاست سے بات کرتے ہیں جو کہ آئین پاکستان کے تحت سیاسی جماعتوں سے مل کر بنی ہے، جو بھی حکومت ہوتی ہے وہی اس وقت کی ریاست ہوتی ہے اور افواجِ پاکستان اس ریاست کے تحت کام کرتی ہیں۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ اپنے سیاسی مقاصد کے لیے فوج کے خلاف بہت سی افواہیں اور مفروضے پھیلائے جاتے ہیں، ہم ہمیشہ اس معاملے پر بالکل واضح رہے ہیں، فوج کو سیاست میں ملوث نہ کیاجائے، سیاسی معاملات سیاستدانوں کو خود طے کرنے چاہئیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ہم اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں پر مکمل توجہ دیتے ہیں اور ہماری وابستگی پاکستان کے عوام کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری اور پاکستانیوں کے تحفظ سے ہے، یہی وہ کام ہے جو فوج کرتی ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کا کہنا تھا کہ بغیر کسی ثبوت کے سیاسی بنیادوں پر بنائے گئے مفروضوں پر توجہ دینے سے اجتناب کیا جانا چاہیے۔