پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی ختم کرنے کی تجویز آگئی
 پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت میں فیصلہ سازی کے فقدان کے باعث سیاسی کمیٹی ختم کرنے کی تجویز سامنے آگئی۔
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت میں فیصلہ سازی کے فقدان کے باعث سیاسی کمیٹی ختم کرنے کی تجویز سامنے آگئی۔

پارٹی ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ پیٹرن انچیف تحریک انصاف عمران خان نے گزشتہ ملاقات میں فیصلہ سازی کے فقدان اور سیاسی حکمت عملی میں کمزوری کا شکوہ کیا تھا۔

ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی مرکزی قیادت نے عمران خان سے سیاسی کمیٹی کو ختم کرنے کی تجویز منظورکرنے کی درخواست کردی۔

پارٹی ذرائع کا بتانا ہے کہ تحریک انصاف کے پیٹرن انچیف عمران خان بھی سیاسی کمیٹی کے خاتمے پر رضامندی کا اظہار کیا تھا، سیاسی کمیٹی کے خاتمے کے بعد صرف کور کمیٹی کے پاس فیصلے کرنے کا اختیار ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان سے ملاقات پھر آئی ایم ایف پروگرام میں تعاون، گنڈاپور

ذرائع کا اس حوالے سے مزید کہنا ہے کہ پارٹی کے اندر فیصلہ سازی کے عمل کو تیز اور مؤثر بنانے کے لیے سیاسی کمیٹی کے خاتمے کی تجویز زیر غور ہے جبکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور مرکزی قیادت کے درمیان اس حوالے سے مشاورت کا عمل جاری ہے۔  

پارٹی حلقوں کا ماننا ہے کہ اس تبدیلی سے داخلی انتشار کم ہوگا اور فیصلہ سازی کا عمل زیادہ مربوط، تیز اور یکسو ہو جائے گا، امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آئندہ چند دنوں میں اس فیصلے کا باضابطہ اعلان کر دیا جائے گا۔