پنجاب میں مون سون کی آمد؟ پی ڈی ایم اے کا الرٹ
Punjab Monsoon
فائل فوٹو
اسلام آباد :(ویب ڈیسک) پنجاب میں مون سون بارشوں کا آغاز ہو چکا ہے اور رواں سال معمول سے 25 فیصد زیادہ بارشوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے اس حوالے سے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مون سون کا پہلا اسپیل یکم جولائی تک جاری رہے گا۔

ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کا کہنا ہے کہ حالیہ اسپیل کے دوران صوبے کے بیشتر اضلاع میں تیز آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے۔ راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، گجرات، جہلم اور گوجرانوالا میں تیز ہواؤں اور موسلا دھار بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ اس دوران نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ 26 سے 28 جون تک ملتان، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور اور بہاولنگر میں بھی شدید بارشوں کا امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ محکموں اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہیں۔

حکام نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے کہا ہے کہ بارشوں اور تیز ہواؤں کے دوران بل بورڈز، سائن بورڈز اور کمزور درختوں کے نزدیک کھڑے ہونے سے گریز کریں۔ نشیبی علاقوں اور ندی نالوں کے قریب مقیم افراد کو خصوصی احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ شہری کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں متعلقہ محکموں اور ریسکیو اداروں کی ہیلپ لائنز پر فوری رابطہ کریں۔ صوبے بھر میں صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

حالیہ مون سون سیزن میں بھرپور بارشوں کا مقصد موسم کو خوشگوار بنانا تو ہے، لیکن اس دوران احتیاط اور بروقت اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ جانی و مالی نقصانات سے بچا جا سکے۔