بجٹ منظوری: علی امین گنڈاپور اور علیمہ خان آمنے سامنے
خیبرپختونخوا کا بجٹ منظور ہونے کے معاملے پر وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان آمنے سامنے آگئے۔
فائل فوٹو
پشاور: (سنو نیوز) خیبرپختونخوا کا بجٹ منظور ہونے کے معاملے پر وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان آمنے سامنے آگئے۔

اپنے ایک ویڈیو پیغام میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ بانی تحریک انصاف عمران خان ہمارے لیڈر ہیں ، ان کا جو پیغام آئے گا میں صرف اس کا پابند ہوں، بانی تحریک انصاف کا فیصلہ ہی ہمارا فیصلہ ہے۔

انہوں نے علیمہ خان کا نام لیے بغیر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بانی تحریک انصاف اپنی یہ حکومت ختم نہیں کرنا چاہتے ، کچھ لوگ کسی اور ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں ، کسی اور کے ایجنڈے پر پارٹی کو کمزور کیا جا رہا ہے ، بانی تحریک انصاف کا جو اختیار ہے وہ انہی کا ہے۔

علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ بانی تحریک انصاف کے مخالفین کے ایجنڈے کو پروموٹ کیے جانے کی کوشش کی جا رہی ہے ، خیبرپختونخوا تحریک انصاف کا قلعہ ہے ، بانی پی ٹی آئی کا ایک واضح بیان آ گیا ہے کہ بجٹ کو پیش کرنے سے میں نے منع نہیں کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا بجٹ منظوری پر عمران خان کا ردعمل آگیا

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ بجٹ کا ایک شیڈیول ہوتا ہے اور اس کے مطابق بجٹ کو پاس کرنا پڑتا ہے ، کچھ لوگوں کا پلان یہی تھا کہ اسی بنیاد کے اوپر ہم بجٹ پیش نہ کریں اور وہ ہماری حکومت کو ختم کر دیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان صرف حکم کریں اسی وقت خیبرپختونخوا حکومت تحلیل کر دیں گے ، آئینی جو مجبوری تھی تقاضے تھے ان کو پورا کرنے کے لیے پوزیشن کے مطابق وقتاً فوقتاً موشن اور بجٹ کے ذریعے بجٹ کو پاس کرنا ہی تھا۔

خیال رہے کہ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا تھا کہ خیبرپختونخوا کا بجٹ پاس کر لیا گیا ہے، لگتا ہے علی امین گنڈاپور نے عمران خان کو مائنس کردیا ہے۔