یکم محرم کب ہو گی؟ سپارکو نے پیشگوئی کردی
سپارکو نے محرم الحرام 1447 ہجری کے چاند کے حوالے سے پیشگوئی کردی۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) سپارکو نے محرم الحرام 1447 ہجری کے چاند کے حوالے سے پیشگوئی کردی۔

ترجمان سپارکو کے مطابق محرم کے چاند کی پیدائش 25 جون 2025 کو سہ پہر 3 بج کر 32 منٹ (پاکستان کے معیاری وقت) پر متوقع ہے،26 جون 2025 کو غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 28 گھنٹے اور 15 منٹ ہوگی۔

سپارکو ترجمان نے بتایا کہ ملک کے ساحلی علاقوں میں غروب آفتاب اور غروب ماہتاب (چاند ڈوبنے) کے درمیان متوقع مدت 75 منٹ ہوگی، یہ مدت چاند کی رویت کے لیے موافق ترین حالات فراہم کرے گی۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ فلکیاتی عوامل کی بنیاد پر 26 جون 2025 کی شام صاف موسم کی صورت میں محرم کا نیا چاند نظر آنے کے قوی امکانات ہیں، یکم محرم الحرام 1447 ہجری 27 جون 2025 کو متوقع ہے تاہم حتمی اعلان رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے کیا جائے گا۔

اگر یہ پیش گوئی درست ثابت ہوئی تو ملک بھر میں یومِ عاشورہ یعنی محرم کی دسویں تاریخ 6 جولائی بروز اتوار کو انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا۔

واضح رہے کہ محرم کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 26 جون کی شام کوئٹہ میں طلب کیا گیا ہے، جو ڈی سی آفس کوئٹہ میں منعقد ہوگا،اجلاس کی صدارت چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے۔