
ترجمان کے مطابق پی آئی اے کی پاکستان سے قطر، بحرین، کویت اور دبئی کی فلائٹس منسوخ کردی گئی ہیں، پروازوں کے شیڈول کی منسوخی کا فیصلہ خلیجی ممالک میں جنگی صورتحال کے باعث کیا گیا ہے،حالات معمول پر آنے کے بعد پی آئی اے کی پروازیں دوبارہ شروع کردی جائیں گی۔
پی آئی اے ترجمان نے کہا کہ ایسے تمام مسافر جو ان پروازوں پر سفر کررہے تھے ان سے گزارش ہے کہ اپنی پروازوں سے متعلق بروقت معلومات پی آئی اے کال سینٹر سے حاصل کریں،پی آئی اے کے ریزرویشن محکمہ نے مسافروں کی بکنگ کو دوسری پروازوں پر منتقلی کا کام شروع کردیا ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ منسوخی سے ہونے والی زحمت کیلئے معذرت خواہ ہیں مگر مسافروں کی حفاظت تمام امور پر مقدم ہے۔
دوسری جانب دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے باہر جانے والے مسافروں کو خطے میں متعدد پروازوں کی منسوخی کے بعد مشکلات کا سامنا ہے۔
دبئی ایئرپورٹ حکام نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ ایئر پورٹ جانے قبل اپنی فلائٹ کنفرمیشن کریں ، ایمریٹس اور فلائی دبئی نے خطے کے کچھ حصوں پر فضائی حدود کی بندش کے بعد پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔
حکام کے مطابق ایران اور عراق جانے والے امارات کے تمام فضائی راستے پیر 30 جون تک بند کر دیے گئے ہیں،امارات کے متاثرہ راستوں میں بغداد، بصرہ اور تہران جانے والے راستے شامل ہیں جبکہ فلائی دبئی نے بھی اس خطے میں پروازیں معطل کر دی ہیں۔
وزارت خارجہ نے متحدہ عرب امارات کے تمام شہریوں، رہائشیوں اور زائرین پر زور دیا ہے کہ وہ پروازوں کے شیڈول کے بارے میں تازہ ترین اپ ڈیٹس کے لیے براہ راست ایئر لائنز سے رابطہ کریں۔