بھارت کیلئے پاکستانی فضائی حدود کی بندش میں مزید توسیع
 پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) نے بھارت کے لیے فضائی حدود کی بندش میں توسیع کا نوٹم جاری کردیا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) نے بھارت کے لیے فضائی حدود کی بندش میں توسیع کا نوٹم جاری کردیا۔

پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کے مطابق بھارت کے طیاروں پر پاکستانی فضائی حدود کی بندش ایک ماہ کے لیے بڑھا دی گئی ہے، پاکستانی فضائی حدود 23 جولائی 2025 تک بھارتی طیاروں کے لیے بند رہے گی۔

نوٹم میں یہ بھی کہا گیا کہ بھارتی ایئرلائنز کے مسافر اور فوجی طیاروں پر پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے پر پابندی برقرار رہے گی، بھارتی رجسٹرڈ یا لیز پر لیے گئے طیارے بھی پاکستان کی فضائی حدود استعمال نہیں کر سکیں گے۔

یاد رہے کہ 23 اپریل کو بھارت نے پہلگام واقعہ کے بعد پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگا کر سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے جواب میں پاکستان نے بھارت کیلئے فضائی حدود، سرحدی آمد و رفت اور ہر قسم کی تجارت بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔

حکومت کی جانب سے 23 مئی 2025 کو بھارتی طیاروں کے لیے فضائی حدود کی بندش میں ایک ماہ کی توسیع کی گئی تھی اور بھارتی طیاروں کے لیے پاکستان کی فضائی حدود 23 جون تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

اب حکومت نے بھارتی طیاروں کے لیے پاکستان کی فضائی حدود کی بندش میں دوسری بار ایک ماہ کی توسیع کی ہے، پاکستان کی فضائی حدود کی بندش سے بھارتی ایئرلائنز کو اب تک بھاری مالی نقصان ہو چکا ہے۔