
عموماً موٹروے پر سفر کے دوران شہریوں کی جانب سے کسی سروس ایریا میں اپنی قیمتی اشیاء بھول جانے کی خبریں سامنے آتی رہتی ہیں لیکن ایک شہری موٹروے پر سفر کے دوران اپنی بیوی کو ہی سروس ایریا میں بھول کر سفر پر گامزن ہو گیا۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق گوجرانوالا کا رہائشی ایک شخص اپنی اہلیہ کے ہمراہ بذریعہ موٹروے کار پر کراچی جا رہا تھا، اس فیملی نے نماز کی غرض سے جڑانوالا سروس ایریا میں سٹے کیا جہاں شوہر نے اپنی نماز اہلیہ سے پہلے مکمل کر لی جس کے بعد وہ کار میں بیٹھا اور چلتا بنا۔
موٹر وے پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ 20کلو میٹر دور جا کر اس شخص کو یاد آیا کہ وہ اپنی بیوی کو تو سروس ایریا میں ہی بھول گیا ہے جس کے بعد اس شخص نے موٹروے پولیس کی ہیلپ لائن پر فون کرکے مدد کی درخواست کی۔
ترجمان نے بتایا کہ کال موصول ہونے پر موٹروے پولیس نے پہلے ضروری تصدیق کی جس کے بعد بیوی کو اس کے شوہر کے پاس پہنچا دیا اور وہ سفر پر روانہ ہو گئے۔