
موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ مون سون ہواؤں کا اگلے چند روز میں شدت اختیار کرنے کا امکان ہے، 25 جون سے یکم جولائی تک اسلام آباد مری ،گلیات ،راولپنڈی ، اٹک، چکوال ،منڈی بہاؤالدین اور گجرات میں بارشوں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گوجرانوالہ، شیخو پورہ اور سیالکوٹ سمیت وسطی اور جنوبی پنجاب کے اکثر علاقوں میں بادل برسیں گے،26 سے 28 جون کے دوران بہاولپور، بہاولنگر ،ڈی جی خان، ملتان ،خانیوال ،مظفرگڑھ ،راجن پور ،رحیم یار خان اور لیہ میں بارشیں متوقع ہیں۔
اسی طرح 25 جون سے یکم جولائی کے درمیان دیر ،چترال ،سوات ، کوہستان ،مالاکنڈ ،باجوڑ اور شانگلہ میں بارشوں کا امکان ہے جبکہ بٹگرام ،بونیر ،بنو ،ڈیرہ اسماعیل خان اور مانسہرہ سمیت مختلف علاقوں میں بھی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
موسم کا احوال بتانے والوں کے مطابق 25 سے 28 جون کے دوران شیرانی ، موسیٰ خیل، لورالائی ،سبی اور بارکھان میں بھی بارش متوقع ہے، قلات، جعفرآباد ، ڈیرہ بگٹی، لسبیلہ اور خضدار میں بھی بارشوں کا امکان ہے ۔
اسی طرح 25 سے 28 جون کے دوران سندھ کے مختلف اضلاع سکھر ،لاڑکانہ ،حیدر آباد، کراچی اور بدین سمیت مختلف شہروں میں بادل برسیں گے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ موسلادھار بارشوں سے بالائی علاقوں ، کشمیر اور شمال مشرقی پنجاب میں طغیانی کا خدشہ ہے،اسلام آباد ،راولپنڈی، گوجرانوالہ ، سیالکوٹ، سرگودھا، فیصل آباد، پشاور اور نوشہرہ کے نشیبی علاقے بھی زیرآب آسکتے ہیں۔
بارشوں سے حیدرآباد اور کراچی کے نشیبی علاقے بھی زیرآب آنے کا خدشہ ہے جبکہ بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا اندیشہ ہے، درختوں، سولر پینلز اور کمزور انفرا اسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کا بھی خطرہ ہے، محکمہ موسمیات نے کسانوں اور سیاحوں کو موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبہ بندی کی تجویز دی ہے۔