
کمشنر کراچی کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق شہر قائد کی 20 بڑی سڑکوں پر رکشوں کے چلنے پر پابندی ڈی آئی جی ٹریفک کی سفارش پر لگائی گئی ہے، شہر کی 20 بڑی شاہراہوں پر 3 سیٹر اور 5 سیٹر رکشوں کے داخلے پر مکمل پابندی ہوگی۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ رکشوں کے داخلے پر پابندی 2 ماہ کے لئے عائد کی گئی ہے، ٹریفک پولیس کو پابندی پر عملدرآمد کرانے کے لئے مکمل اختیارات دے دئیے گئے ہیں۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ شاہراہ فیصل، شاہراہ قائدین، آئی آئی چندریگر روڈ، شیرشاہ سوری روڈ، شہیدملت روڈ، عبداللہ ہارون روڈ، دوتلوار شاہراہ فردوس، اسٹیڈیم روڈ، سرشاہ سلیمان روڈ، راشدمنہاس روڈ اور ماڑی پورروڈ پر رکشوں کے داخلے پر پابندی ہوگی۔
اسی طرح شاہراہ پاکستان، حب ریور روڈ، قائدآباد سے لانڈھی89، یونیورسٹی روڈ، کورنگی روڈ، اورنگی روڈ، سپرہائی وے سے ملیرہالٹ، سرجانی عبداللہ چوک کی سڑکوں پر 3 سیٹر اور 5 سیٹر رکشوں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ کمشنر کراچی کی جانب سے گزشتہ ماہ بھی شہر کی گیارہ سڑکوں پر رکشوں کے داخلے پر پابندی عائد گئی تھی تاہم کمشنر کراچی کے ماضی میں جاری کردہ احکامات پر بھی ٹریفک پولیس عملدرآمد کرانے میں مکمل ناکام نظر آئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ غیر مجاز اور خود ساختہ روٹس پر رکشوں کے چلنے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے شکایات کے باعث پابندی عائد کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ کراچی میں ٹریفک جام ایک سنگین اور روزمرہ کا مسئلہ بن چکا ہے، جو شہریوں کے لیے وقت، ایندھن اور ذہنی سکون کا ضیاع بن جاتا ہے۔
شہر کی بڑی شاہراہوں شاہراہِ فیصل، ایم اے جناح روڈ، یونیورسٹی روڈ، شاہراہِ پاکستان، نیشنل ہائی وے، کورنگی روڈ، راشد منہاس روڈ، طارق روڈ، ایف بی ایریا روڈز، عبداللہ ہارون روڈ، آئی آئی چندریگر روڈ پر ٹریفک جام کی شکایات سامنے آتی ہیں۔
علاوہ ازیں صدر روڈز، گارڈن روڈ، لیاقت آباد روڈ، ناظم آباد روڈز، بہادرآباد روڈ، ملیر ہالٹ روڈ، سرجانی ٹاؤن روڈ، نارتھ ناظم آباد روڈز، اورنگی ٹاؤن روڈ پر بھی عموماً ٹریفک جام کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔