
پی ڈی ایم اے کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، منڈی بہاوالدین، جہلم اور گوجرانوالہ میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ اسی طرح لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ، نارووال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، سرگودھا اور میانوالی میں بھی موسلادھار بارش کے امکانات ہیں۔ جنوبی پنجاب کے شہروں ملتان، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور اور بہاولنگر میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جو خطے میں جاری ہیٹ ویو کی شدت کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: ملک کے مختلف شہروں میں 13 تا 16 جون بارش کی پیشگوئی
وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے، عرفان علی کاٹھیا کے مطابق متعلقہ محکموں کو پہلے سے تیار رہنے کی ہدایات دے دی گئی ہیں، جن میں محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو اسٹاک شامل ہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم کے دوران حفاظتی تدابیر اختیار کریں، آندھی اور طوفان کی صورت میں کھلے مقامات سے گریز کریں اور محفوظ پناہ گاہوں کا انتخاب کریں۔ خاص طور پر بجلی کی گرج چمک کے دوران کھلے آسمان تلے جانے سے پرہیز کریں، کیونکہ آسمانی بجلی انسانی جانوں کے لیے خطرناک ہو سکتی ہے۔
عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں اور موسم کی تازہ ترین صورتحال سے باخبر رہیں۔ کسی بھی ایمرجنسی یا ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر فوری رابطہ کیا جا سکتا ہے۔