
محکمہ موسمیات کے مطابق مرطوب ہوائیں ملک کے با لائی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں اورمغربی ہواؤں کا سلسلہ بھی 13 جون سے ملک کے بالائی علاقوں پر اثر انداز ہونے کا امکان ہے جس کے باعث مختلف شہروں میں بارشوں کے باعث گرمی کی شدت میں کمی متوقع ہے۔
موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ13سے 16 جون کے دوران کشمیر، گلگت بلتستان، مری، گلیات، چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، مانسہرہ، بٹگرام، شانگلہ، کوہستان اور ایبٹ آباد میں آندھی جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان جبکہ اس دوران چند مقامات پرژالہ باری کی بھی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا کہ 13سے 16 جون کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی ،سرگودھا ،حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، گوجرانوالہ، گجرات میں بادل برسیں گے۔
اسی طرح سیالکوٹ، نارووال، لاہور، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ،ہری پور، پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، کوہاٹ، بنوں، کرک، ڈی آئی خان، وزیرستان، ژوب، بارکھان اور موسیٰ خیل میں بھی گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔
اس دوران جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ کے تمام اضلاع میں آندھی جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جس سے موجودہ شدید گرمی کی لہر میں کمی کی توقع ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی جانب سے موسمی صورتحال کے باعث کمزور انفرا سٹرکچر ، بجلی کے کھمبوں، درختوں ، گاڑیوں، سولر پینل وغیرہ کو نقصان کا اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ کاشت کار حضرات اپنی فصلوں کے معاملات موسمی حالات کے مطابق ترتیب دیں، عوام الناس ، مسافر اور سیاح خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔