علی امین گنڈاپور کا بانی سے ملاقات نہ کرانے پر جلد لائحہ عمل دینے کا اعلان
 وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات نہ کرانے پر جلد لائحہ عمل دینے کا اعلان کردیا۔
فائل فوٹو
پشاور: (سنو نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات نہ کرانے پر جلد لائحہ عمل دینے کا اعلان کردیا۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ صوبے کے منتخب وزیراعلیٰ کو اپنے لیڈر سے ملنے نہیں دیا جارہا، خیبرپختونخوا میں ہمیں بانی پی ٹی آئی کے نظریے کی وجہ ہی سے مینڈیٹ ملا ہے،ہم نے عوامی مینڈیٹ پر خیبر پختونخوا میں ہم نے عوامی حکومت بنائی۔

ان کا کہنا تھا کہ‏فارم 47 کی جعلی حکومت پچھلے ڈیڑھ سال سے مسلسل میری بانی سے ملاقات میں رخنے ڈال رہی ہے، عدالتی احکامات کے باوجود ملاقاتیں نہیں کروائی جاتیں، حساس ترین صوبے کا وزیراعلیٰ ہونے کے باوجود صرف چند بار ہی اپنے لیڈر سے ملاقات ہوسکی ہے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ہم مالی سال 26-2025 کا بجٹ پیش کرنے جارہے ہیں جس پر ہمیں اپنے لیڈر کی رہنمائی چاہیے، اس وقت بھی وفاقی اور پنجاب حکومتیں مجھے اپنی فنانس ٹیم کے ساتھ لیڈر سے نہیں ملنے دے رہیں، ‏بجٹ کے حوالے سے عمران خان کی ہدایات واضح ہیں کہ ان کی مشاورت اور منظوری کے بغیر بجٹ پاس نہیں کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ‏کل میں خیبرپختونخوا اسمبلی میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات نہ کروائے جانے کے عمل کے خلاف اپنا لائحہ عمل پیش کروں گا، بجٹ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات اور ان کی ہدایات شامل کرنے کے بعد ہی پاس کیا جائے گا،‏کل صرف آئینی تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے بجٹ پیش کرکے اسمبلی اراکین کی بحث شروع کروائی جائے گی۔