سندھ میں بیٹھے متکبر لوگ سندھیوں کے حال پر رحم کھائیں: عظمیٰ بخاری
وزیر اطلاعات پنجاب و لیگی رہنما عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ سندھ میں بیٹھے متکبر لوگوں کو سندھیوں کے حال پر رحم کھانا چاہیے۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب و لیگی رہنما عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ سندھ میں بیٹھے متکبر لوگوں کو سندھیوں کے حال پر رحم کھانا چاہیے۔

صوبائی وزیر اطلاعات عظمی ٰبخاری کا پی پی رہنما شرجیل میمن کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہنا تھا کہ مریم نواز پاکستان کی تاریخ کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہوئیں، مریم نواز نے عاجزی اور خدمت کو اپنا اوڑنا بچھونا بنایا،مریم نواز کی عاجزی اور انکساری ہی ان کی مقبولیت کی وجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز کے طرز حکومت کے سندھ کے لوگ بھی دیوانے ہیں،یہی آپ کا اصل مسئلہ ہے، متکبر اور غرور سے بھرے وہ لوگ ہیں جو دوسری تیسری بار اقتدار انجوائے کر رہے ہیں پھر بھی کارکردگی زیرو ہے، مریم نواز سے کارکردگی میں مقابلہ کریں جلنے کڑھنے اور بیان بازی کا کوئی فائدہ نہیں ۔

لیگی رہنما نے شرجیل میمن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے بقول سندھ میں آپ اچھا سسٹم لے آئے ہیں تو چلیں شاباش اب کراچی کا کوڑا تو اٹھالیں، پنجاب کی فکر کرنے کے لیے پنجاب کے وارث موجود ہیں،سندھ میں بیٹھے متکبر لوگوں کو سندھیوں کے حال پر رحم کھانا چاہیے۔

عظمیٰ بخاری کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب میں پہلے بھی مضبوط بلدیاتی نظام مسلم لیگ ن نے بنایا تھا انشاءاللہ اب بھی بنائیں گے، جس جماعت کے پنجاب کے صوبائی حلقوں سے 400 ووٹ اور یونین کونسل سے 50 ووٹ نکلتے جلد ہی ان کا امتحان آنے والا ہے۔

قبل ازیں سندھ کے صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا تھا یہ تاثر ختم کرنا ہوگا کہ پنجاب کسی ایک جماعت کی جاگیر ہے، موجودہ پنجاب حکومت کا رویہ متکبرانہ اور سیاسی حق تلفیوں پر مبنی ہے، پنجاب حکومت نفرت اور تقسیم در تقسیم کی سیاست کو ہوا دے رہی ہے، تماشائی بن کر نہیں بیٹھ سکتے۔