
رپورٹ کے مطابق پہلی پرواز 10 جون کی شب 11 بج کر 50 منٹ پر جدہ سے روانہ ہو گی، یہ حج پرواز 11 جون کو صبح تین بجے اسلام آباد پہنچے گی،پہلی پرواز سے مختصر دورانیہ کا حج کرنے والے 307 حاجی وطن واپس پہنچیں گے۔
11 جون کو 8 پروازیں حاجیوں کو لے کر پاکستان پہنچیں گی، حج پروازیں اسلام آباد ،لاہور، ملتان اور کراچی آئیں گی، حج آپریشن 10 جولائی کو تمام حاجیوں کی وطن واپسی پر مکمل ہو گا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ حج فلائٹ آپریشن کے ایک ہفتے بعد مدینہ منورہ سے بھی پروازوں کا آغاز ہو جائے گا ، ایک ماہ جاری رہنے والے فلائٹ آپریشن میں سرکاری حج سکیم کے 88 ہزار 390 حاجیوں کو وطن واپس لایا جائے گا۔
سرکاری حج سکیم کے تحت 342 پروازوں کے ذریعے حجاج کرام وطن پہنچیں گے، پاکستان کی سرکاری، نجی اور سعودی ایئر لائنز حج آپریشن میں حصہ لیں گی تاکہ حاجیوں کی واپسی کو بروقت اور محفوظ بنایا جا سکے۔
یاد رہے کہ گزشتہ فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد عازمین حج کی منیٰ سے واپسی کا عمل شروع ہوا تھا، حجاج کرام منیٰ میں جمرات کوکنکریاں مارنے کے بعد مکہ مکرمہ پہنچے ہیں، جہاں سے ان کی اپنے اپنے وطن واپسی کا عمل شروع ہو گا۔