وزیر ٹرانسپورٹ کا زائد کرائے وصول کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کا حکم
صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے پردیسیوں سے زائد کرائے وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔
فائل فوٹو
راولپنڈی: (سنو نیوز) صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے پردیسیوں سے زائد کرائے وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔

وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب بلال اکبر خان نے جنرل بس سٹینڈ پیر ودھائی راولپنڈی کا دورہ کیا اور کرائے ناموں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا، ایم این اے طاہرہ اورنگزیب ، ڈی سی راولپنڈی سمیت دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

صوبائی وزیر نے مسافروں سے مقرر کردہ سفری کرائے ناموں پر عملدرآمد کے حوالے سے دریافت کیا، انہوں نے انتظار گاہ کا بھی دورہ کیا اور صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا، وزیر ٹرانسپورٹ نے زائد کرایہ وصولی کرنے والوں کے خلاف کاروائی کا حکم دے دیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر بلال اکبر خان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے مطابق مقرر کردہ سفری کرائے ناموں پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے، ان دنوں پنجاب بھر میں 12 لاکھ لیا گیا اضافی کرایہ مسافروں کو واپس کرا دیا گیا ہے جبکہ زائد کرایہ وصول کرنے والوں کو 25 لاکھ سے زیادہ جرمانے کیے جا چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عید الاضحی کے موقع پر مسافروں کی سہولت کے لیے کرایوں کی سخت نگرانی جاری ہے، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے، کسی کو عوام کو لوٹنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، زائد کرایہ وصول کرنے والوں سےکسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

بلال اکبر خان کا کہنا تھا کہ گاڑیوں میں اوور لوڈنگ کی اجازت نہیں ہے، انتظامیہ اور ٹریفک پولیس گاڑیوں کی چیکنگ کو یقینی بنا کر اوور چارجنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لا رہی ہے، کسی بھی پریشانی کی صورت میں مسافر ہیلپ لائن 1071 پر شکایات درج کرائیں، فوری دادرسی کی جائے گی۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ ٹرانسپورٹ کے نظام کو ڈیجیٹل کیا جا رہا ہے، گاڑیوں کی فٹنس سمیت روٹ پرمٹ کی نگرانی یقینی بنا رہے ہیں، غیر قانونی بس اڈوں کو ختم کیا جا رہا ہے، صفائی کے بہترین انتظامات پر ستھرا پنجاب کے ورکرز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔