
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران کشمیر، گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا، وسطی و جنوبی پنجاب اور شمال مشرقی بلوچستان میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ بارش، ژالہ باری اور آندھی کا امکان ہے۔
علاوہ ازیں اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، جہلم سمیت کئی علاقوں میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے، جو گرمی کی شدت میں وقتی کمی لا سکتی ہے۔
خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع جیسے مردان، نوشہرہ، چارسدہ، سوات، دیر، کوہستان، کرک، ڈی آئی خان، لکی مروت، بنوں، ٹانک، خیبر، کرم اور ہنگو میں بھی بارش اور گرج چمک متوقع ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران ملک شدید ہیٹ ویو کی لپیٹ میں رہے گا۔
بالائی علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے 7 ڈگری جبکہ جنوبی علاقوں میں 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے شہریوں کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ دھوپ میں غیر ضروری سفر سے پرہیز کریں، زیادہ سے زیادہ پانی پئیں اور گرمی سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اپنائیں۔