فواد چوہدری کا نام پی سی ایل سے خارج
Fawad Chaudhry
فائل فوٹو
اسلام آباد:(ویب ڈیسک) سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا نام آخرکار پاسپورٹ کنٹرول لسٹ (PCL) سے نکال دیا گیا، جس کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ نے ان کی جانب سے دائر توہین عدالت کی درخواست نمٹا دی۔

اس موقع پر عدالت میں نہ صرف قانونی نکات پر بات ہوئی بلکہ دلچسپ جملوں کا تبادلہ بھی دیکھنے میں آیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس انعام امین منہاس نے کیس کی سماعت کی، جس میں فواد چوہدری اپنے وکیل فیصل چوہدری کے ہمراہ پیش ہوئے۔ دوران سماعت ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن کی جانب سے رپورٹ جمع کرائی گئی، جس میں بتایا گیا کہ فواد چوہدری کا نام 4 جون کو فہرست سے خارج کر دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ عدالت نے 25 ستمبر 2024 کو فواد چوہدری کا نام پی سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا تھا، تاہم فیصلے پر بروقت عمل نہ ہونے پر انہوں نے توہین عدالت کی درخواست دائر کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں:عیدالاضحیٰ سے قبل قیدیوں کیلئے خوشخبری

سماعت کے دوران فواد چوہدری خود روسٹرم پر آئے اور جسٹس انعام امین سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ عدالت کا بہت بہت شکریہ، آپ کو پتا ہے ہم نے کہاں جانا ہے، ہم نے یہیں اپوزیشن کرنی ہے۔

اس پر جسٹس انعام امین مسکرا دیے اور ریمارکس دیے آپ نے بھی ان کے پیچھے پڑ کر نام نکلوا ہی لیا، جج کے تبصرے پر عدالت قہقہوں سے گونج اٹھی۔

وکیل فیصل چوہدری نے بھی دلچسپ انداز میں کہا آپ کے پاس آنے سے ہمارا فائدہ ہوتا ہے،بعد ازاں عدالت نے تمام شواہد کا جائزہ لینے کے بعد درخواست نمٹا دی۔