جنید اکبر پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے عہدے سے مستعفی
رہنما تحریک انصاف جنید اکبر خان نے چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز ) رہنما تحریک انصاف جنید اکبر خان نے چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

جنید اکبر خان نے اپنا استعفیٰ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر کو بھجوادیا، بیرسٹر گوہر بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل چلے گئے۔

جنید اکبر نے سنو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ استعفیٰ بیرسٹر گوہر کو بھجوا دیا ہے ، بانی پی ٹی آئی عمران خان جو بھی فیصلہ کریں گے قبول ہوگا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز بانی پی ٹی آئی عمران خان نے رکنِ قومی اسمبلی جنید اکبر خان کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کی چیئرمین شپ چھوڑنے کی ہدایت کی تھی۔

پارٹی ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ سے متعلق بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کا پیغام پارٹی کی مرکزی قیادت کو پہنچا یا تھا ۔

پی ٹی آئی ذرائع نے بتایا کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے ہدایت کی کہ جنید اکبر پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا عہدہ چھوڑ کر پارٹی معاملات پر مکمل توجہ دیں اور پارٹی کا نچلی سطح تک فعال کریں۔

ذرائع کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ جنید اکبر کی جگہ اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب کو پی اے سی کا چیئرمین بنائے جانےکا امکان ہے تاہم اس حوالے تاحال کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا نہ ہی ذرائع نے عمر ایوب کو چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی بنانے کی تصدیق کی ہے۔