بھارتی حملے کے جواب میں پاکستان نے تاریخ لکھ دی، اب دہلی دہلنے کی باری
بھارت نے حملہ کیا، جواب میں پاکستان نے تاریخ لکھ دی ، اب دہلی کے دہلنے کی باری ہے۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) بھارت نے حملہ کیا، جواب میں پاکستان نے تاریخ لکھ دی ، اب دہلی کے دہلنے کی باری ہے۔

جب دشمن نے رات کی تاریکی میں وار کیا تو جواب میں پاکستان نے دن کی روشنی میں اس کا غرور جلا کر راکھ کر دیا،آپریشن بنیان مرصوص صرف جواب ہی نہیں بلکہ مکمل فیصلہ تھا۔

بھارت نے نور خان، شورکوٹ اور مرید ایئربیس پر بزدلانہ حملے سے جنگ کی شروعات کی مگر پاکستان نے جس انداز میں جواب دیا، وہ دشمن کے لیے ایک بھیانک خواب بن گیا، افواج پاکستان نے فوراً "آپریشن بنیان مرصوص" لانچ کیا ، یہ ہندوستان پر ایک ایسا طوفانی حملہ تھا جس نے بھارت کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔

بھارتی تنصیبات پر کاری ضرب ، غرور زمین بوس

پاک فضائیہ اور میزائل کمانڈ نے دشمن کے 20 سے زائد حساس فوجی اہداف کو نشانہ بنایا، برہموس میزائل جس پر بھارت کو بہت فخر تھا اس کا ذخیرہ مکمل تباہ ہو کر راکھ کا ڈھیر بن گیا، اودھمپور ایئربیس و دفاعی نظام مفلوج ہو گیا جبکہ پٹھان کوٹ، جالندھر، گجرات، راجستھان، چندی گڑھ سمیت ہر بیس اور ہر ٹاور ہل گیا۔

پاکستان کے جوابی حملے میں دہلی تک میزائل کی ضرب پہنچی ، بھارت کے دارالحکومت دہلی پر پہلی بار جنگ کی گھن گرج کے سائے منڈلائے،سری نگر میں 20 بھارتی فوجیوں کی ہلاکت قابض فوج پر قہر بن کر نازل ہوئی۔

نو مئی کو افواج پاکستان نے بھارتی چیک پوسٹس تباہ کرنے کے بعد دشمن سے ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے دو بھارتی جنگی طیارے تباہ کر کے پائلٹس کو گرفتار کر لیا اور بھارت کو پیغام دیا کہ اب اس کے لیے فضا بھی محفوظ نہیں اور ساتھ ہی دنیا کو بھی پیغام دیا کہ پاک سرزمین پر ناپاک ارادے نہیں اتر سکتے۔

پاکستان کی فضا ، دشمن کے ڈرونز کا قبرستان

بھارتی جاسوس ڈرونز نے پاکستان کی فضا میں داخل ہونے کی کوشش کی تو نارنگ منڈی اور پشاور میں دونوں ڈرونز زمین بوس کر کے دشمن کی آنکھیں نکال دی گئیں۔

سائبر وار میں بھی پاکستان کا غلبہ، بھارت کی ریاستی مشینری جام

یہ صرف میدان جنگ نہیں، ڈیجیٹل محاذ پر بھی پاکستان نے دشمن کو مفلوج کر دیا،10 بڑے توانائی نظام تباہ، 1744 بھارتی ویب سرورز مکمل ڈیلیٹ، انڈین ریلوے، دہلی گیس، کشمیر پاور نیٹ ورک بند، 1300 کیمرے، 120 روٹرز، 500 سے زائد ڈیٹا بیس تباہ کردیئے گئے۔

بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی میڈیا اور حکومتی ویب سائٹس ہیک، 150سے زائد حساس ڈیٹا بیس چوری اور لیک کر دیے گئے، اب بھارت کا ڈیجیٹل نقشہ بھی ہاتھ سے نکل چکا ہے۔

بھارتی میڈیا کا پراپیگنڈا ، جھوٹ کی آخری سانسیں

بھارتی میڈیا کی جانب سے تین پاکستانی طیارے مار گرانے یا دہلی پر حملہ ناکام بنانے کے دعوے بھی جھوٹ ثابت ہوئے، یہ سب صرف بھارتی عوام کو جھوٹی تسلی دینے کی کوشش تھی۔

حقیقت یہ ہے کہ جنگ شروع ہوئی تھی بھارت سے اور عزت بچائی پاکستان نے، پاکستان کا بھارت کو پیغام ہے کہ ابھی تو صرف جواب دیا ہے،ہم نے دشمن کو دکھا دیا، اب کی بار مارا ہے، اگلی بار مٹائیں گے کیونکہ فیصلہ اب ہمارا ہے کہ کب، کہاں، اور کیسے حملہ کرنا ہے ، یہ اختیار صرف پاکستان کے پاس ہے۔

بھارت کو یاد رکھنا چاہیے کہ 1965 میں تم نے لاہور کا خواب دیکھا تھا تب بھی تمہارے ٹینک چھوڑ کر بھاگے تھے، 2025 میں تم نے پھر وہی حماقت کی، اب کی بار تمہاری فضا، سائبر، اور سرزمین، ہر جگہ ہار ہے، پاکستان جاگ چکا ہے اور تمہارے خواب اب ڈراؤنے بن چکے ہیں۔