پی ٹی آئی کی بھارتی حملے کی شدید مذمت
PTI condemns Indian aggression
فائل فوٹو
اسلام آباد:(ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے بھارتی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بھارت کے جعلی فلیگ آپریشن کا تسلسل قرار دیا ہے۔

پارٹی اعلامیے میں کہا گیا کہ بھارتی حملے سے بے گناہ شہریوں کی شہادت ہوئی، یہ حملہ بھارت کی ایک منظم سازش کا حصہ ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ بھارت کے حالیہ بیانات مسلسل جنگی جنون اور جارحانہ عزائم کی عکاسی کرتے ہیں۔ پارٹی نے دعویٰ کیا کہ بھارت پہلگام واقعے کو جواز بنا کر پاکستان پر الزام تراشی کر رہا ہے، مگر اب تک کوئی معتبر اور ناقابل تردید ثبوت پیش نہیں کر سکا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ شفاف تحقیقات کی پیشکش کی، مگر بھارت آمادہ نہ ہوا۔ پی ٹی آئی کے مطابق بھارت نے اپنی دشمنی کی تسکین کیلئے خود ہی تصادم کا راستہ اختیار کیا، جس کا نتیجہ اب پورا خطہ بھگت رہا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف نے پاکستانی مسلح افواج کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فضائیہ کی جانب سے دیا گیا ردعمل مودی سرکار کو ہوش میں لانے کیلئے کافی ہے۔ پارٹی نے امید ظاہر کی کہ بھارت مزید جنگی اشتعال انگیزی سے گریز کرے گا کیونکہ دو جوہری طاقتوں کے درمیان جنگ دنیا کیلئے تباہ کن ہو سکتی ہے۔

اعلامیے میں پی ٹی آئی نے بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی سلامتی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ بھی کیا۔ پارٹی نے کہا کہ ایسے نازک وقت میں قوم کو اپنی سچی قیادت سے محروم رکھنا انتہائی افسوسناک ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ بانی چیئرمین بھارتی جنگی جنون کے خلاف پاکستانی عوام کیلئے ایک محرک قوت ہیں، پارٹی قیادت و کارکنان ملکی دفاع میں افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔