محکمہ موسمیات نے بارشوں کی نوید سنا دی
Pakistan weather forecast
فائل فوٹو
اسلام آباد:(ویب ڈیسک) ملک بھر میں شدید گرمی سے ستائے عوام کیلئے محکمہ موسمیات نے یکم مئی سے چار روزہ بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کی پیش گوئی کر دی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی و وسطی علاقوں میں بارشوں کا ی سلسلہ ٹھنڈی ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ داخل ہوگا۔ اس خوشگوار موسم کی بدولت درجہ حرارت میں خاطر خواہ کمی کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ رپورٹس میں کہا گیا کہ 30 اپریل کی شام مغربی ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی، جو یکم مئی سے بارشوں کا باعث بنیں گی۔

رپورٹس میں مزید بتایا گیا کہ اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، سیالکوٹ، جہلم، مانسہرہ، کوہاٹ، پشاور، فیصل آباد، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں گرج چمک اور آندھی کے ساتھ بارش کا امکان ہے،جبکہ بعض علاقوں میں ژالہ باری بھی متوقع ہے۔

دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ موسمی نظام کسانوں کیلئے چیلنجز بھی لا سکتا ہے، خاص طور پر ان فصلوں کیلئے جو برداشت کے مرحلے میں ہیں۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

ماہرین موسمیات کے مطابق یہ بارشیں نہ صرف درجہ حرارت کو کم کریں گی، بلکہ خشک موسم میں معمولی ریلیف بھی فراہم کریں گی۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ موسم کی تازہ ترین صورتحال سے باخبر رہیں اور متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔