
ترجمان پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ30 اپریل سے 4 مئی تک بیشتر اضلاع میں گرد آلود ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے،راولپنڈی ، مری، گلیات، اٹک، چکوال، منڈی بہاؤالدین، گجرات، جہلم اور گوجرانوالہ میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، قصور ،سیالکوٹ،نارووال، اوکاڑہ ،فیصل آباد ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، خوشاب ، سرگودھا اور میانوالی میں بھی آندھی و بارشوں کے امکانات ہیں ، 2 سے 4 مئی کے درمیان جنوبی پنجاب ملتان ڈیرہ غازی خان بہاولپور اور بہاولنگر میں بارش طوفان اور جھکڑ چلنے کا امکان ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے اس حوالے سے کہا کہ محکمہ سکول ایجوکیشن ، صحت ، آبپاشی ، تعمیر و مواصلات ، لوکل گورنمنٹ اور محکمہ لائیو سٹاک کو الرٹ جاری کر دیاگیا ہے ۔
ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی ) پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ، واسا، پنجاب پولیس اور سول ڈیفنس کو بھی موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا گیا ہے، شہری آسمانی بجلی سے تحفظ کیلئے محفوظ مقامات پر رہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ شہری آندھی یا گرج چمک کے دوران غیر ضروری طور پر کھلے آسمان تلے نہ نکلیں، بجلی کے کھمبوں، درختوں اور کمزور ڈھانچوں کے نیچے کھڑے ہونے سے گریز کریں، کسان حضرات فصلوں کو بچانے کے لیے پیشگی اقدامات کریں، مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کریں ۔
عرفان علی کاٹھیا نے مزید کہا کہ بارش یا طوفان کی صورت میں ڈرائیونگ کرتے وقت رفتار کم رکھیں اور ہیڈلائٹس آن رکھیں، عوام موسمی اپڈیٹس کے لیے پی ڈی ایم اے یا مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں، گھروں کی چھتوں، کھڑکیوں اور نالیوں کی صفائی اور مرمت کا بندوبست کیا جائے تاکہ بارش کے پانی کے بہاؤ میں رکاوٹ نہ ہو۔