عمران خان سے ملاقات کیلئے تحریری حکم نامہ کی استدعا مسترد
Ex prime minister of Pakistan and founder of PTI Imran Ahmad Khan Niazi
فائل فوٹو
اسلام آباد:(ویب ڈیسک) سپریم کورٹ نے وکیل کی جانب سے بانی چئیرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان سے ملاقات کرانے کیلئے تحریری حکم نامہ جاری کرنے کی استدعا کو مسترد کردیا۔

تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے 9 مئی کیسز میں عمران خان کے ریمانڈ سے متعلق اپیل پر سماعت کی، جس دوران بانی چئیرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وکیل سلمان صفدر اور  اسپیشل پراسیکیوٹر ذوالفقار نقوی عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

دوران سماعت اسپیشل پراسیکیوٹر ذوالفقار نقوی کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ عمران خان کا پولی گرافک اوروائس میچنگ ٹیسٹ ہونا ابھی باقی ہے، جسمانی ریمانڈ صرف 2 ٹیسٹ کیلئے درکار ہے مگر بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے تعاون نہیں کیا۔

دوسری جانب عمران خان کے وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ میرے موکل پر 300 سے زائد کیسز درج ہیں، ان  سے ہدایات لینے کیلئے سپریم کورٹ خصوصی ہدایات جاری کرے، سپریم کورٹ کی خصوصی ہدایات ہو تومیری ملاقات عمران خان سے ہوجائے گی۔

اس موقع پر چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا کہ آپ نے جب عمران خان سے ملاقات کیلئے جاناہے چلے جائیں، ہم کوئی حکم نامہ جاری نہیں کریں گے، آپ بغیر عدالتی حکم نامے ملاقات کریں، ملاقات ہو جائے گی۔

بعد ازاں عدالت کی جانب سے کیس کی مزید سماعت کو 23 اپریل تک ملتوی کردیا گیا۔