سوات: مینگورہ و گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے
خیبرپختونخوا کی تحصیل مالاکنڈ کے ضلع سوات کے شہر مینگورہ اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔
فائل فوٹو
سوات: (سنو نیوز) خیبرپختونخوا کی تحصیل مالاکنڈ کے ضلع سوات کے شہر مینگورہ اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت4.7 ریکارڈ کی گئی جبکہ زلزلے کی زیر زمین گہرائی 98 کلو میٹر تھی،زلزلے کا مرکز افغانستان تاجکستان بارڈر تھا۔

زلزلے کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے، تاہم خوش قسمتی سے زلزلے کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ضلعی انتظامیہ نے صورت حال کا جائزہ لیتے ہوئے عوام کو اطمینان دلایا ہے کہ فی الحال کسی قسم کی ایمرجنسی نہیں، تاہم متعلقہ ادارے الرٹ پر ہیں تاکہ کسی ہنگامی صورتحال میں فوری مدد فراہم کی جا سکے۔

ماہرین ارضیات کے مطابق زمین میں اتنی گہرائی پر آنے والا زلزلہ اگرچہ سطح زمین پر زیادہ تباہی نہیں لاتا، تاہم اس کے جھٹکے وسیع علاقے میں محسوس کیے جا سکتے ہیں تاہم عوام کو چاہیے کہ وہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے احتیاطی تدابیر اپنائیں۔

زلزلے کیوں آتے ہیں؟

ارضیات کے ماہرین کے مطابق زلزلے زمین کی ٹیکٹانک پلیٹوں کی حرکت کے باعث آتے ہیں، جو زمین کی سطح کے نیچے مسلسل حرکت میں رہتی ہیں، زمین کی بیرونی سطح مختلف بڑے حصوں یا پلیٹوں پر مشتمل ہے۔

جب یہ پلیٹیں آپس میں ٹکراتی ہیں، ایک دوسرے کے نیچے چلی جاتی ہیں یا ایک دوسرے سے الگ ہوتی ہیں تو ان کے درمیان دباؤ پیدا ہوتا ہے۔ جب دباؤ حد سے بڑھ جائے تو وہ اچانک توانائی کی صورت میں خارج ہوتا ہے، جس سے زمین ہلنے لگتی ہے اور زلزلہ آتا ہے۔