پولیس نے جمعرات کو عمران خان سے ملاقات کی یقین دہانی کرائی ہے: علیمہ خان
 بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ پولیس نے جمعرات کے روز عمران خان سے ملاقات کی یقین دہانی کرائی ہے۔
فوٹو بشکریہ پی ٹی آئی سوشل میڈیا
راولپنڈی: (ویب ڈیسک) بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ پولیس نے جمعرات کے روز عمران خان سے ملاقات کی یقین دہانی کرائی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے آج بھی بانی پی ٹی آئی کے اہلخانہ کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہ دی جس پر عمران خان کے اہلخانہ کو آج بھی مایوس لوٹنا پڑا۔

گورکھ پور ناکے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان کا کہنا تھا کہ عمران خان کا جرم تو بتادو، عمران خان نے قانون کی بالادستی کیلئے پارٹی بنائی لیکن آج وہ خود غیر قانونی طور پر جیل میں ہے، ایسے ہی کرنا ہے تو پھر چاہے ہم سب کو گرفتار کرلیں، اپنے بھائی سے اگر ملاقات کرنا جرم ہے تو ہم گرفتاری کیلئے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ ملاقات پر جب ہم آئے تو ہمیں گرفتار کرلیا گیا اور پھر بعد میں ویرانے میں چھوڑ دیا گیا ، ہمیں کہا گیا اب آپ لاہو ر واپس چلی جائیں، اگر ملک میں قانون کا یہ حال ہے تو اس کی بہتری کیلئے ہم اپنا حصہ ڈال رہے ہیں، ہمارے وکلاء کو بھی ملنے نہیں دیا جارہا، سلمان اکرم راجہ اور سلمان صفدر کی عمران خان سے ملاقات ضروری ہے۔

علاوہ ازیں عمران خان کے ترجمان نیاز اللہ نیازی نے کہا کہ میں عمران خان کا ترجمان ہوں، عمران خان سے ملاقات کرنیوالوں کی فہرست میں اور سلمان اکرم راجہ بناتے ہیں یہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کے مطابق ہے۔

نیاز اللہ نیازی کا مزید کہنا تھا کہ لیکن سوال یہ ہے سلمان اکرم راجہ کو ملاقات کیلئے کیوں نہیں جانے دیا جارہا ، عدالت سے سوال ہے عدالتی حکم کے باوجود احکامات پر عملدر آمد کیوں نہیں کیا جارہا۔