شیر افضل مروت، مفتی تقی عثمانی پر برس پڑے
رکن قومی اسمبلی (ایم این اے) شیر افضل مروت نے فلسطین اور اسرائیل کے معاملے پر معروف مذہبی شخصیت مفتی تقی عثمانی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں کھری کھری سنا دیں
ایم این اے شیر افضل مروت/ فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) رکن قومی اسمبلی (ایم این اے) شیر افضل مروت نے فلسطین اور اسرائیل کے معاملے پر معروف مذہبی شخصیت مفتی تقی عثمانی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں کھری کھری سنا دیں۔

ایم این اے شیر افضل مروت نے پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مفتی تقی عثمانی پہ فرض ہے کہ فلسطین کے لئے جہاد کا آغاز اپنے گھر سے کریں۔ انہوں نے کہا کہ مفتی تقی عثمانی جس بی ایم ڈبلیو گاڑی پر سفر کرتے ہیں، وہ بیچ کر فسلطینوں کو عطیہ کر دیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے فلسطین کے لئے کوئی امداد نہیں کی گئی، پنجاب کے ایک وزیر نے فلسطینوں کو 10 کروڑ روپے دیئے جبکہ ہماری پارلیمنٹ میں موجود ارب پتیوں میں سے کسی نے ایک ٹکے کی امداد نہیں کی، تقریر سے فسلطینوں کی کیا مدد ہونی ہے؟ کسی دور میں پاکستان کو اسلام کا قلعہ کہا جاتا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر روز بم دھماکوں سے فلسطینی اور ان کے بچے سو نہیں سکتے، شہداء کی تعداد لاکھوں تک جاپہنچی ہے، عالمی دنیا خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے، ہم بھی اس معاملے پر خاموش تماشابین ہیں، حکومت اس مسئلے پر کوئی پالیسی بیان نہیں دے سکتی، ایوان میں صرف ایک قرارداد آئے گی اس کے بعد معاملہ ٹھنڈا پڑ جائے گا۔

پی ٹی آئی رہنماؤں کی عمران خان سے ملاقاتوں کے معاملے پر شیر افضل مروت نے کہا کہ عمران خان سے ملاقاتوں پر جھگڑے کا سلسلہ تھمنے والا نہیں، کسی نے اپنے طور پر عمران خان سے ملاقات کرنے سے باز نہیں آنا، بشریٰ بی بی کا پہلے ایک ترجمان ہوا کرتا تھا اب چار ترجمان بن گئے ہیں۔