پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج پنک مون جلوے بکھیرے گا
 پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج پنک مون کا خوبصورت نظارہ کیا جائے گا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد:(ویب ڈیسک) پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج پنک مون کا خوبصورت نظارہ کیا جائے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پنک مون آج پاکستان سمیت امریکا، برطانیہ، بھارت ،آسٹریلیا اور افریقہ سمیت مختلف ممالک میں جلوہ گر ہو گا، پنک مون ہر سال بہار کے آغاز پر نظر آتا ہے۔

ماہرین فلکیات کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ پاکستان میں مکمل پنک مون کا نظارہ آج رات 9 بج کر 8 منٹ پر کیا جاسکے گا، سورج غروب ہوتے وقت چاند معمول سے کچھ زیادہ ہی بڑا اور روشن دکھائی دے گا جبکہ فلاور مون نامی اگلا مکمل چاند 12 مئی کو دیکھا جا سکے گا۔

ماہرین فلکیات کا مزید کہنا تھا کہ سال2025 میں مجموعی طور پر 12 مکمل چاند کا نظارہ کیا جا سکے گا۔

خیال رہے کہ "پنک مون" اپریل میں آنے والے پہلے مکمل چاند (Full Moon) کو کہتے ہیں، یہ چاند کا ایک قدرتی مظہر ہے جو ہر سال اپریل میں نمودار ہوتا ہے اور اس کا تعلق رنگ سے نہیں بلکہ موسمِ بہار کی ایک خاص پھول دار جڑی بوٹی سے ہے۔

دراصل یہ چاند حقیقت میں گلابی نہیں ہوتا لیکن اس کا نام پنک اس لیے پڑا کہ امریکا کے کچھ حصوں میں ایک پھول "پھلوکس" کھلتا ہے جو ہلکا گلابی ہوتا ہے اور زمین پر ہر طرف بکھرا ہوتا ہے۔

پنک مون دراصل اس پھول کی آمد کا اعلان ہوتا ہے، صدیوں پہلے لوگوں نے اس پھول کی آمد پر اپریل کے پہلے مکمل چاند کا نام پنک مون رکھ دیا اور پھر یہ روایت چلتی رہی۔
چاند مکمل، روشن اور بڑا دکھائی دیتا ہے۔

کبھی کبھار یہ سپرمون (Supermoon) بھی ہوتا ہے یعنی زمین کے قریب ترین مقام پر ہوتا ہے جس کی وجہ سے یہ معمول سے بڑا اور چمکدار لگتا ہے،قدرتی مناظر، ساحل یا کھلے آسمان کے نیچے دیکھنے پر یہ بہت خوبصورت دکھائی دیتا ہے۔